گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کیلئے حکومت نے کوششیں تیز کر دیں

02:45 PM, 16 Mar, 2021

شازیہ بشیر

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے گلگت بلتستان کے حوالے سے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومت انتخابی اصلاحات اور گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے لیے آئنی ترمیم کا بل لائے گی۔ بل کے اندر گلگت بلتستان کو ایوان بالا اور ایوان زیریں میں نمائندگی کی تجویز دی جائے گی اور ایوان بالا کے انتخابات میں ووٹ کو قابل شناخت بنانے کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔

اس حوالے سے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر کمیٹی تشکیل دیں گے، جس میں پارلیمان کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تشکیل دی جائے گی۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانا، سینیٹ انتخاب میں ووٹ کو قابل شناخت بنانا اور اوور سیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا حق دینا جیسی تجاویر حکومت کی جانب پیش کیے جانے والے بل میں شامل ہوں گی۔

واضح رہے کہ اوور سیز پاکستانی الیکشن لڑ سکیں گے، لیکن جیتنے کے بعد ان کو سب سے پہلے اپنی دوہری شہریت چھوڑنا ہو گی۔ دوسری جانب گلگت بلتستان کے عبوری صوبہ بن جانے کی صورت میں وہاں کے منتخب ممبران کو ایوان بالا اور ایوان زیریں میں نمائندگی ملے گی اور ساتھ ہی ساتھ عدالت عظمی اور عدالت عالیہ کا دائرہ اختیار بھی وہاں تک ہو گا۔

مزیدخبریں