’عمران خان کی گرفتاری کا انتخابات میں تاخیر سے کوئی تعلق نہیں‘

11:32 AM, 16 Mar, 2023

احمد علی
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان پر کرپشن کے مقدمات ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی گرفتاری کا انتخابات میں تاخیر سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ پولیس صرف عدالتی احکامات پرعملدرآمدکررہی ہے مگر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان تعاون کرنے کے بجائے مسلسل قانون شکنی ہی کررہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں ، ان کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے ، پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے آتی ہے تو خواتین اور بچوں کو ڈھال بنالیتے ہیں ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران کی مقبولیت کو خانہ جنگی، تشدد اور انارکی کو ہوا دینے کے لئے استعمال نہیں کرسکتے ہیں ، عمران خان لوگوں کو تشدد کے لئے بھڑکارہے ہیں، عمران خان کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے ۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عدالت انہیں پیش ہونے کا کہتی ہے تو سیکیورٹی خطرات کا بہانا بناتے ہیں ، عمران خان ملک میں خانہ جنگی،سول وار اور افراتفری ہی چاہتے ہیں ، پولیس کے پاس کسی قسم کا کوئی بھی اسلحہ نہیں ہے مگر پولیس پرپٹرول بموں سے مسلسل حملے ہورہے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غیرمسلح پولیس عدالتی وارنٹ پرگرفتاری کے لئے زمان پارک میں موجود ہے، عمران خان کہتےہیں کہ سیکیورٹی خطرات ہیں،جلسے کرنے کے لئے تیارہیں، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سمیت65 پولیس اہلکار زخمی ہوچکے ہیں ۔
مزیدخبریں