معروف بھارتی اداکارہ کی پنکھے سے لٹکی لاش برآمد
02:56 AM, 16 May, 2022
بھارت کے شہر کولکتہ میں مشہور ایکٹریس پلوی ڈے اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئی ہیں۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔ انڈیا کی شوبز انڈسٹری میں ایکٹروں کی خود کشیاں اب معمول کی بات ہوتی جا رہی ہیں۔ کامیابی کے لئے ان پر شدید ذہنی تناؤ ہوتا ہے۔ دو سال پہلے بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی نے بالی ووڈ فلم نگری میں منشیات کے استعمال، گروہ بندی اور کئی دیگر مسائل سے پردہ اٹھایا تھا۔ انڈین میڈیا کے مطابق 21 سالہ پلوی ڈے کا شمار ریاست بنگال کی ابھرتی ہوئی اداکاراؤں میں ہوتا تھا۔ پلوی ڈے کی لاش گذشتہ روز اتوار کی صبح ان کے فلیٹ میں میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔ وہ اس فلیٹ میں اپنے ایک دوست کے ہمراہ رہائش پذیر تھیں جس نے لاش دیکھ کر ہمسایوں کو آگاہ کیا اور بعد ازاں پولیس کو اس کی اطلاع دی گئی۔ کلکتہ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس کا ہر پہلوئوں سے جائزہ لے رہے ہیں۔ تفتیش کا دائرہ بڑھاتے ہوئے پلوی ڈے کے دوست کو بھی حراست میں لے کر اس سے انوسٹی گیشن شروع کر دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ پلوی ڈے کے پاس کام کی ہرگز کمی نہیں تھی۔ ان کا شمار ریاست بنگال کی ایسی اداکارائوں میں ہوتا ہے جنہوں نے بہت جلد مقبولیت حاصل کی۔ انہوں نے کئی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ کچھ دن قبل انڈین ریاست کیرالہ میں بھی ایک ایکٹریس کی بھی کھڑکی سے لٹکی لاش برآمد ہوئی تھی۔ شاہانہ سجاد نامی اس ایکٹریس کے اہلخانہ نے اس کے خاوند پر قتل کا الزام لگایا تھا۔