وزیراعظم کی عمران خان کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت

06:44 AM, 16 May, 2022

احمد علی
وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے وزیراعظم کو سابق وزیراعظم کی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم شہباز نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو سابق وزیراعظم کو ہر حوالے سے بہترین سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے عمران خان کو فوری طور پر چیف سکیورٹی آفیسر فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام صوبائی حکومتوں کو بھی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جلسے جلوسوں کے دوران سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم احکامات کی روشنی میں عمران خان کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سابق وزیراعظم کیلئے مقرر سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی پر مکمل عملدرآمد کیلئے کہا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے بنی گالہ ہاؤس کی سکیورٹی کیلئے پولیس اور ایف سی کے 94 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ ان میں اسلام آباد پولیس کے 22 جبکہ ایف سی کے 72 اہلکار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخواہ پولیس کی طرف سے 36، گلگت بلتستان پولیس کے 6 اہلکاروں کو بھی ان کی متعلقہ حکومتوں کی جانب سے سابق وزیراعظم کی سیکیورٹی کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔ ایس ایم ایس سکیورٹی کمپنی کے 26 اور عسکری سکیورٹی کمپنی کے 9 اہلکار بھی بنی گالا ہاؤس کی سکیورٹی پر معمور ہیں۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی دارالحکومت اسلام آباد سے باہر موومنٹ کے دوران اسلام آباد پولیس کی 4 گاڑیاں اور 23 اہلکار جبکہ رینجرر کی ایک گاڑی اور 5 اہلکار ان کے ساتھ ہمہ وقت موجود ہوتے ہیں۔ وزارت داخلہ کے زیر نگران تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی سابق وزیراعظم عمران خان کی سیکیورٹی سے متعلق معاملات کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ چند روز سے سابق وزیراعظم عمران خان عوامی اجتماعات میں اپنی جان کو ممکنہ خطرات سے متعلق خدشات کا اظہار کر رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بطور سابق وزیراعظم ان کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ جان کو لاحق ممکنہ خطرات، سازش اور دیگر معاملات سے وزارت داخلہ اور متعلقہ اداروں کو آگاہ کریں۔ وزارت داخلہ، سابق وزیراعظم عمران خان سے حاصل شدہ معلومات اور شواہد کی روشنی میں مزید اقدامات کریگی۔
مزیدخبریں