بارش کب ہوگی؟ گرمی سے بے حال شہریوں کیلئے خوشخبری
07:34 AM, 16 May, 2022
لاہور: ( پبلک نیوز) گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے خوشخبری ہے کہ محکمہ موسمیات نے باران رحمت کی نوید سنا دی ہے، جس سے ٹمپریچر میں کمی ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا۔ تاہم گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیرمیں چند مقامات پر آندھی، گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔ اس دوران ملک کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا بھی امکان ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا۔ تاہم گلگت بلتستان کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی۔ گوپس 05، سکردو، استور، بابوسر 04، مظفر آباد، راولا کوٹ01، کالام 02، دیر اور کاکول میں گذشتہ روز 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گذشتہ روزر یکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق بھکر، نورپور تھل، ڈیرہ اسماعیل خان 49، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، جیکب آباد اور شہید بینظیر آباد میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔