ٹیسلا کی ٹکر کی کم قیمت الیکٹرک کار آگئی

09:50 AM, 16 May, 2024

ویب ڈیسک :بجلی سے چلنے والی گاڑیاں تیار کرنے والی چینی کمپنینیو‘ (Nio) نے کم قیمت الیکٹرک کار تیار کرکے معروف امریکی کمپنی ’ ٹیسلا‘ کے لیے مشکل کھڑی کر دی ہے۔

 بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، نیو نے حال ہی میں اپنی پہلی الیکٹرک اور کم قیمت کار متعارف کرائی ہے جو ٹیسلا کی دنیا بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کار ’ماڈل Y‘ کے لیے ایک کھلا چیلنج ہے۔

نیو کی تیار کردہ الیکٹرک کار L60 ایس یو وی کی قیمت 219900 یوآن (30465 ڈالر) ہے جو دنیا کی مقبول ترین الیکٹرک کار ٹیسلا ماڈل Y سے قیمت میں 10 فیصد کم ہے۔ ٹیسلا ماڈل Y کی قیمت چین میں 249000 یوآن ہے۔

نیو کی الیکٹرک کار کی افتتاحی تقریب کا انعقاد شنگھائی میں کیا گیا۔ اس موقع پر نیو کے چیف ایگزیکٹیو ولیم لی کا کہنا تھا کہ کمپنی کا مقصد ٹیسلا کے ماڈل Y اور ٹویاٹا RAV4 کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے L60 کے آرڈر لینا شروع کر دیے ہیں اور رواں برس ستمبر تک کاروں کی ڈیلیوری شروع کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ چینی کمپنی کی جانب سے نئی الیکٹرک کار کی لانچنگ ایک ایسے وقت کی گئی ہے جب امریکی صدر جوبائیڈن نے چین سے الیکٹرک کاروں پر درآمدی ٹیکس کو 4 گنا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مزیدخبریں