ن لیگ نےعدلیہ کیخلاف مہم شروع کر رکھی ہے:فواد

07:55 AM, 16 Nov, 2021

Rana Shahzad
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ن لیگ نے عدلیہ کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے، نواز شریف یا مریم نواز کی پیشی سے پہلے ایسی سازشیں ہمیشہ گھڑی جاتی رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب بھی موجود تھے۔ فواد چودھری نے کہا کہ ماضی میں نواز شریف کو جب سپریم کورٹ طلب کیا گیا تو ن لیگ نے سپریم کورٹ پر حملہ کر دیا تھا۔ ن لیگ نے کل بھی عدلیہ پر حملہ کیا۔ ایک ایسے شخص کی طرف سے جعلی بیان سامنے لایا جو ن لیگ کے لیڈروں کا پروردہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی شبہ نہیں کہ یہ شخص لندن میں نواز شریف کے خرچے پر رہ رہا ہے۔ اس کے حلفیہ بیان کی فیس بھی نواز شریف فیملی نے ادا کی۔ حسین نواز اس معاملے کو ڈیل کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب افراد کو اداروں کے خلاف استعمال کرکے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جائے گی تو بحران پیدا ہوگا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس معاملے کا نوٹس لیا جو مناسب اقدام ہے۔ توہین عدالت پر ذمہ داران کو آج طلب کیا گیا ہے، اس معاملہ پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان کا مشترکہ اجلاس کلب طلب کر لیا گیا ہے۔ ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات پی ٹی آئی اور عمران خان کا ذاتی نہیں، قومی ایجنڈا ہے۔ ہر الیکشن میں ہم اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہیں، لیکن جب اصلاحات کی طرف جاتے ہیں تو اپوزیشن شور مچانا شروع کر دیتی ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کل کے اجلاس میں ہمارے ساتھ بیٹھے، ان اصلاحات پر کھلے دل سے غور کرے، اپوزیشن کو جو ترامیم چاہئیں وہ لے آئے، اس پر بحث کر لیتے ہیں۔ اصلاحات لازمی ہیں، کل ہم یہ بل پاس کروا رہے ہیں، تمام اتحادیوں نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہم کھلے دل کے ساتھ آگے بڑھنے کو تیار ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات، جوڈیشری، میڈیا اور سیاسی نظام میں اصلاحات لازمی ہونی چاہئیں، ہم ان پر مل جل کر آگے بڑھنے کو تیار ہیں۔
مزیدخبریں