،چیمپئنز ٹرافی 2025کی میزبانی پاکستان کومل گئی

12:36 PM, 16 Nov, 2021

احمد علی
کرکٹ کے میدان سے بڑی خبر سامنے آ گئی . 29 سال بعد پی سی بی کسی عالمی ایونٹ کی میزبانی کرے گا، آئی سی سی نے 2025ء چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو سونپ دی، اس سے پہلے پاکستان نے 25 سال پہلے 1996 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی جانب سے آئندہ عالمی ایونٹس کے میزبان ممالک کا اعلان کردیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق 2024 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا جبکہ پاکستان 2025 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کریں گے، 2027 میں جنوبی افریقا، زمبابوے، نمیبیا کرکٹ ورلڈکپ کی میزبانی کریں گے۔اسی طرح 2028 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہوگا جبکہ بھارت 2029 کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 1996 میں آئی سی سی ایونٹ ورلڈکپ کی میزبانی کی تھی۔ رمیز راجہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو ملنے پر مسرور، کہتے ہیں کہ فروری 2025 میں پاکستان میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کا میزبان پاکستان اس ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع بھی کرے گا. چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیموں کے مابین کُل 15 میچز کھیلے جائیں گے، یہ میچز تین مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے دنیا کو بتائیں گے کہ ہم کرکٹ سے کتنی محبت کرتے ہیں، ایونٹ کی میزبانی ملنے پر بہت خوش ہوں، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ذریعے دنیا کو بآور کروائیں گے کہ ہم کتنے عظیم میزبان ہیں. انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان میں رہنے والے شائقین کرکٹ کے لیےکسی اعزاز سے کم نہیں ہے، اب ہمیں آئی سی سی کی توقعات اور مقررہ معیار کے مطابق ایک ایونٹ کے کامیاب انعقاد کی منصوبہ بندی کرنی ہے.
مزیدخبریں