ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بعض امریکی ارکان کانگریس کے صدر جو بائیڈن کو لکھے گئے خط کو سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
پی ٹی آئی کی طرف سے سوشل میڈیا پر شیئر خط میں امریکی کانگریس کے 46 ارکان کے دستخط ہیں، جو انہوں نے صدر جو بائیڈن کو لکھا ہے، خط میں کہا گیا کہ اپیل کرتے ہیں پاکستان میں انسانی حقوق سے متعلق ایوان نمائندگان کی قرارداد پر اقدامات کیے جائیں۔
امریکی ارکان کانگریس کے خط میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کےلیے ارجنٹ بنیاد پر وکالت کی جائے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا کہ اقوم متحدہ (یو این) ورکنگ گروپ کی رپورٹ کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی قیدیوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔
امریکی ارکان کانگریس کے خط میں کہا گیا کہ پاکستان میں 2024 کے ناقص الیکشن کے بعد انسانی حقوق پامال کیے گئے، پاکستان کی اہم سیاسی جماعت پی ٹی آئی کو انتخابات سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی۔
خط میں کہا گیا کہ مختلف حربوں کے باوجود پی ٹی آئی امیدواروں نے آزاد حیثیت میں کامیابی حاصل کی، الیکشن میں خدشات سے متعلق رپورٹس کو حکومت نے شائع ہونے سے روکا ہوا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کو مسلسل پابند سلاسل رکھنا سب سے زیادہ تشویشناک ہے۔