وی پی این(VPN) کی رجسٹریشن کرانا آسان ہوگیا

11:19 PM, 16 Nov, 2024

ویب ڈیسک:پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک ( وی پی این) رجسٹریشن آسان کردی۔

ترجمان پی ٹی اے کے مطابق سافٹ ویئرہاؤسز، بینکس، سفارت خانے پی ٹی اے ویب سائٹ پر وی پی این رجسٹرکرسکتے ہیں,فری لانسرزبھی پی ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ پر وی پی این رجسٹر کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے ممبران بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق رجسٹریشن کیلئے آن لائن فارم مکمل کرنا اور بنیادی تفصیلات فراہم کرنا اہم ہے، فری لانسرز کو اپنے پروجیکٹ یا کمپنی سے وابستگی کی تصدیق کیلئے لیٹر فراہم کرنا ہوں گے۔

   پی ٹی اے کا کہنا تھاکہ درخواست دہندگان کو وی پی این کنیکٹیویٹی کیلئے آئی پی ایڈریس بھی فراہم کرنا ہوگا۔ پی ٹی اے کے مطابق 20 ہزار سے زائد کمپنیاں اور فری لانسرز اپنے وی پی این رجسٹر کراچکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارتِ داخلہ نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو غیر قانونی وی پی این بند کرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے،وزارتِ داخلہ کا کہناتھا کہ دہشت گرد وی پی این کا استعمال کر رہے ہیں، وی پی این سے دہشت گرد بینک ٹرانزیکشن اور دہشت گردی میں مدد حاصل کرتے ہیں۔

وزارتِ داخلہ کا کہناتھا کہ وی پی این استعمال کر کے دہشت گرد اپنی شناخت اور بات چیت چھپاتے ہیں جبکہ وی پی این کو فحاشی اور توہین آمیز مواد کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں