ضمنی انتخابات: 11 نشستوں پرپولنگ کا وقت ختم، وٹوں کی گنتی شروع
06:46 AM, 16 Oct, 2022
قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں پر آج ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صبح 8 بجے پولنگ کا عمل شروع ہو ا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا ۔ قومی اسمبلی کی 8نشستیں پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفوں کی وجہ سے خالی ہوئی تھیں۔ خیبرپختونخوا میں 979، پنجاب میں ایک ہزار 434 اور کراچی میں 340 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں یہ منفرد مثال ہوگی کہ ایک ہی امیدوار (چیئرمین تحریک انصاف عمران خان) 8 میں سے 7 نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔آزاد امیدواروں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے کُل 101 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، سندھ میں 33، پنجاب میں 52 اور خیبرپختونخوا میں 16 امیدوار ہیں اور ان حلقوں میں تقریباً 44 لاکھ 72 ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ کراچی میں کورنگی اور ملیر میں قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر آج ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج انتہائی اہم ہوں گے کیونکہ یہ 23 اکتوبر کو شہر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے محض ایک ہفتہ قبل ہورہے ہیں، جیتنے والی پارٹی کو کراچی کی مقامی حکومت کے لیے ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تقویت ملے گی۔ این اے 239 کے لیے 22 امیدوار ہیں، ایم کیو ایم (پاکستان) کے نئیر رضا، عمران خان اور ٹی ایل پی کے محمد یاسین کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ تمام حلقوں کی سکیورٹی کے حوالے سے رینجرز، پولیس اور پاک فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور پولنگ والے حلقوں میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے دوران موبائل استعمال کرنے پر سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔