ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی کے سابق یوسی چیئرمین گرفتار

08:01 AM, 16 Oct, 2022

احمد علی
ملتان میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں دوران پولنگ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر تحریک انصاف کے سابق یوسی چیئرمین کوحراست میں لے لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 157 پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کے دوران تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) کے سابق یوسی چیئرمین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے یوسی چیئرمین حامد جنجوعہ کو پولنگ اسٹیشن 72سے گرفتار کیا گیا ہے۔ریٹرننگ آفیسر کے مطابق حامد جنجوعہ غیر متعلقہ طور پر خواتین کے پولنگ اسٹیشن میں موجود تھے اور ویڈیو بنا رہے تھے۔ این اے 157 پر پیپلز پارٹی کے علی موسیٰ گیلانی اور پاکستان تحریک انصاف کی مہر بانو قریشی میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔ علی موسیٰ گیلانی سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے ہیں جبکہ مہر بانو قریشی پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی ہیں.
مزیدخبریں