آج جاتی امراء میں اہم شخصیات کی ملاقات،خواجہ سعد رفیق نے اندرکی بات بتادی

10:51 AM, 16 Oct, 2024

ویب ڈیسک: خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آج  جاتی امراء میں میاں نواز شریف کی دعوت پر مولانا فضل الرحمن سے پیپلز پارٹی  اور مسلم لیگ ن کی قیادت کی ملاقات نہایت اہم ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیگی رہنماخواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس میں اپنے پیغام میں کہا ہے کہ توقع ہے کہ اس نشست میں عدالتی اصلاحات بارے آئینی ترمیم کے علاوہ خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں بد امنی  ، دھشت گردی اور پاکستان مخالف مہمات کا سیاسی حل بھی زیر بحث آۓگا۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ان علاقوں میں جےیو اٸ ایک  پرو پاکستان مستند سیاسی قوت کے طور پر موجود ھے جسے  ھر سطح پر تسلیم کیا جانا چاھئیے-

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ امید ہے کہ عدالتی اصلاحات کے بارے میں جے یو آئی ، پیپلز پارٹی  اورمسلم لیگ ن  کا اتفاق راۓ بہت سی پیچیدگیوں اور خرابیوں کی اصلاح کردیگا اور آئینی ترمیم  زیادہ قابل عمل و قابل قبول صورت میں سامنے آئیں گی۔

دوسری جانب سربراہ جےیوآئی مولانا فضل الرحمان کراچی سے لاہور پہنچ گئے ہیں،مولانا اسعد محمود، انجنئیرضیاء الرحمان، کامران مرتضی، عثمان بادینی، مفتی ابرار احمد بھی ہمراہ ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان آج لاہور میں نوازشریف سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہناہے کہ مولانا فضل الرحمان آئینی ترمیم پر اپنے مسودہ پر نواشریف کو اعتماد میں لیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نوازشریف سے جاتی امراء میں ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں چئیر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو بھی شرکت کریں گے ۔

مزیدخبریں