چینی قونصلیٹ حملہ کیس:اہم گواہ نےکالعدم بی ایل اے کے 4 کارندوں کی شناخت کرلی

11:07 AM, 16 Oct, 2024

ویب ڈیسک: چینی قونصلیٹ حملہ کیس میں اہم پیش رفت،مقدمہ کے اہم گواہ تفتیشی افسر نے مبینہ کالعدم بی ایل اے کے 4 کارندوں کو اپنی گواہی میں شناخت کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق   چینی قونصلیٹ حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔مقدمہ کے اہم گواہ تفتیشی افسر نے مبینہ کالعدم بی ایل اے کے 4 کارندوں کو اپنی گواہی میں شناخت کرلیا۔

گواہ آئی او نیک محمد نے کہا کہ 23نومبر 2018 کو مبینہ کالعدم بی ایل اے تین کارندوں نے چینی قونصلیٹ پر حملہ کیا،کمرہ عدالت میں موجود چاروں ملزمان کو شناخت کرسکتا ہوں،ملزمان احمد حسنین،عبدالطیف،اسلم اور علی احمد کو دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ کے مقدمات میں گرفتار کیا،ملزمان نے اپنے اقبالی بیان چینی قونصلیٹ حملےکا اعتراف کیا۔

گواہ آئی او نے کہا کہ ملزمان نے ہلاک دہشت گردوں کو سہولت فراہم کی،ملزمان نے حملہ آوروں کو اسلحہ اور دھماکا خیزمواد فراہم کیا،ملزمان نے ہلاک دہشتگرد کے ساتھ وقوعہ سے قبل چینی قونصلیٹ کی ریکی کی تھی۔

عابد زمان وکیل ملزمان نے کہا کہ مذکورہ مقدمہ میں میرے موکلین کا اقبالی بیان ریکارڈ نہیں ہوا۔

بیریسٹر سارہ عاصم وکیل ملزمان نے کہا کہ ملزمان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا پولیس کے پاس ملزمان کے خلاف کوئی شواہد نہیں۔

بعدازاں عدالت نے تفتیشی افسر کا بیان قلمبند کرنے کے بعد بیان پر جرح کےلئے سماعت ملتوی کردی۔

پولیس کے مطابق 23 نومبر 2018 کو چینی قونصلیٹ پر تین دہشت گردوں نے حملہ کیا،حملہ میں دو پولیس اہلکار سمیت چار افراد مارے گئے،جوابی کارروائی میں تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

مزیدخبریں