سوئنگ اسٹیٹ جارجیا میں  شاندار ٹرن آؤٹ،ریکارڈ ووٹ ڈالےگئے

03:09 PM, 16 Oct, 2024

ویب ڈیسک :امریکا میں پانچ نومبر کو ہونے والے صدارتی  انتخابات سے قبل ہی 15 اکتوبر منگل کے روز ان پرسن یا پھر میل کے ذریعے ووٹنگ کا آغاز ہو گیا اور ریاست جارجیا کے مقامی حکام کے مطابق ووٹرز پہلے روز ہی ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈالنے نکلے۔

تفصیلا ت کے مطابق جارجیا میں انتخابی امور کے ایک سینیئر افسر گیبریل اسٹرلنگ نے بتایا کہ کم سے کم ڈھائی لاکھ ووٹرز مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے تک ابتدائی ووٹنگ سینٹروں پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر چکے تھے۔

گیبریل اسٹرلنگ کا کہنا تھا کہ سن 2020 کے انتخابات کے مقابلے یہ تعداد تقریباﹰ دو گنی ہے، جب ابتدائی ذاتی ووٹنگ کے پہلے دن 136,000 افراد نے ووٹ کیا تھا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اسے " شاندار ٹرن آؤٹ" قرار دیا۔

اطلاعات کے مطابق اٹلانٹا کی بنیادی کاؤنٹیوں میں بعض ووٹنگ سینٹروں پر ایک گھنٹہ طویل انتظار بھی کرنا پڑا، جبکہ دوسرے مقامات پر یہ عمل حسب معمول شروع ہوا۔ جارجیا ان سات مسابقتی میدانوں والی ریاستوں میں سے ایک ہے جو انتخابی نتائج میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے۔یہ ٹرن آؤٹ ابتدائی ووٹنگ کی مقبولیت کی عکاسی کرتا ہے، جس کے تحت ووٹر ذاتی طور پولنگ مرکز پہنچ کر یا پھر میل کے ذریعے اپنا ووٹ کر سکتے ہیں۔

جارجیا میں جیسے ہی ابتدائی ووٹنگ شروع ہوئی، ڈیموکریٹک اور ریپبلکن پارٹیوں کے امیدواروں نے اپنی مہم کے حصے کے طور پر میڈیا کو انٹرویوز دیے۔

ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کملا ہیرس منگل کے روز چارلاماگن کے ساتھ ایک ریڈیو انٹرویو کے لیے بیٹھیں اور اس موقع پر ایک پراسیکیوٹر کے طور پر اپنے ریکارڈ کا دفاع کرتے ہوئے، چرس کو جرم سے پاک کرنے کا عہد کیا اور پولیس اصلاحات پر زور دینے کا بھی عہد کیا۔

چارلاماگن، ایک سیاہ فام مزاح نگار اور مصنف ہیں، جو ریڈیو شو 'دی بریک فاسٹ کلب' کی میزبانی کرتے ہیں۔ وہ مشہور شخصیات کے اپنے دو ٹوک انٹرویوز کے لیے معروف ہیں۔بدھ کے روز ان کا انٹرویو قدامت پسندی کی طرف جھکاؤ رکھنے والے فوکس نیوز پر نشر کیا جائے گا۔

اس دوران ریپبلکن صدارتی امیدوار اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اٹلانٹا، جارجیا میں خواتین کے ایک ٹاؤن ہال پروگرام میں شرکت کی، جس کی میزبانی فوکس نیوز نے کی تھی۔ وہاں انہوں نے کہا کہ وہ کم آمدن والے امریکیوں کے لیے ٹیکس میں چھوٹ کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا، "ہم چیزوں کو درست کرنے جا رہے ہیں تاکہ یہ ہر ایک کے لیے منصفانہ ہو، کیونکہ یہ واقعی ہر ایک کے لیے منصفانہ ہے نہیں۔"

اس سے پہلے انہوں نے بلومبرگ نیوز کے ایڈیٹر انچیف جان مکلیتھویٹ کو ایک انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے اپنی تحفظ پسند تجارتی پالیسیوں، مالیاتی تجاویز کا دفاع کیا اور ان تصورات کو مسترد کر دیا کہ اس سے وفاقی قرضوں کا بوجھ بڑھ سکتا ہے اور امریکی معیشت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

مزیدخبریں