4 دہائیوں  میں پہلی مرتبہ گابا کرکٹ اسٹیڈیم ایشز سیریز کے  افتتاحی میچ کی میزبانی سے محروم

05:21 PM, 16 Oct, 2024

(ویب ڈیسک ) گزشتہ 4 دہائیوں میں یہ پہلی بار ہے کہ گابا کرکٹ اسٹیڈیم آسٹریلیا میں کھیلی جانیوالی ایشز سیریز کے افتتاحی میچ کی میزبانی نہیں کرے گا کیونکہ کرکٹ آسٹریلیا نے بدھ کو تصدیق کی ہے کہ 2025-26 سیریز کے افتتاحی ٹیسٹ میچ پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

دنیائے کرکٹ میں گابا کے نام سے معروف برسبین کرکٹ گراؤنڈ اس کے بجائے 4 سے 8 دسمبر تک اپنے پہلے ڈے-نائٹ ایشز مقابلے کی میزبانی کرے گا، جس کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایڈیلیڈ اوول میں 17 سے 21 دسمبر تک، میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں 26 سے 30 دسمبر اور سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں 4 سے 8 جنوری تک کھیلی جائے گی۔

ایشز سیریز کے شیڈول کے اعلان کے موقع پر کرکٹ آسٹریلیا کے ایگزیکٹیو جوئل موریسن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا سمیت دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی جانب سے پہلے ہی بہت زیادہ دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے جو آسٹریلیا اور انگلینڈ کی مردوں کی کرکٹ ٹیموں کو کرکٹ کی قدیم ترین رقابت کی اگلی قسط میں زور آزمائی کرتا دیکھنے کے خواہاں ہیں۔

آخری مرتبہ آسٹریلیا میں ایشز سیریز کا آغاز گابا سے دور 1982 میں ہوا تھا جب روایتی حریفوں نے پرتھ کے واکااسٹیڈیم میں ڈرا کیا تھا، آسٹریلیا نے گابا میں 1986 کا افتتاحی میچ مائیک گیٹنگ کے انگلینڈ سے ہارا تھا لیکن اس کے بعد سے اس مشہور گراؤنڈ پر ایشز کا ایک بھی ٹیسٹ نہیں ہارا۔

مزیدخبریں