ویب ڈیسک: دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی گروپ کو تین ماہ کے عرصے میں 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے عطیات دیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی تفصیلات سے واضح ہے کہ کس طرح سے ارب پتی ایلون مسک 5 نومبر کے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹرمپ کے حامی گروپ پولیٹیکل ایکشن کمیٹی (پی اے سی) جو سخت مقابلے والی ریاستوں میں ووٹرز کو متحرک کرتی ہے، نے جولائی سے ستمبر کے دوران 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر خرچ کیے۔
اس عرصے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک گروپ کو عطیات دینے والے واحد شخص تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم سپر پی اے سی جیسے گروپس پر منحصر ہے جو ایلون مسک نے بنائی تھی۔
ایلون مسک کا کہنا ہے کہ وہ ماضی میں ڈیموکریٹک صدارتی امیدواروں کو ووٹ دیتے آئے ہیں تاہم اس مرتبہ انہوں نے دائیں بازو کی جماعت کا ساتھ دیا ہے۔
ٹیسلا کے مالک نے جولائی میں ڈونلد ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کیا تھا اور رواں ماہ ریاست پینسلوینیا کی انتخابی ریلی میں بھی ریپبلکن امیدوار کے ہمراہ موجود تھے۔
بدھ کو ایلون مسک نے ایکس پر لکھا کہ وہ پینسلوینیا کے مختلف شہروں میں لیکچرز دیں گے اور ساتھ ہی کہا کہ تقریب میں شرکت کے لیے پی اے سی کی ویب سائٹ پر موجود پیٹیشن پر دستخط کرنا ہوں گے۔
گزشتہ ہفتے ذرائع کے حوالے سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ ایلون مسک پینسلوینیا میں ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے مزید مہم بھی چلائیں گے۔ یہ ریاست دونوں صدارتی امیدواروں ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کے لیے اہم سمجھی جاتی ہے۔
پولیٹیکل ایکشن کمیٹی اپنی توجہ ان ووٹرز پر مرکوز کیے ہوئے ہے جو ڈونلد ٹرمپ کو پسند تو کرتے ہیں لیکن ہمیشہ ووٹ نہیں ڈالتے۔