وزیر اعظم عمران خان اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ملاقات

07:14 PM, 16 Sep, 2021

احمد علی
دوشنبے (پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں سائیڈ لائن پر ہوئی۔ وزیر اعظم نے حالیہ صدارتی انتخابات میں کامیابی پر صدر رئیسی کو دلی مبارکباد دی۔ دونوں ممالک کی جانب سے برادرانہ تعلقات کو مضبوط اور وسعت دینے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔ ملاقات میں تجارت اور اقتصادی شعبے اور علاقائی روابط پر توجہ مرکوز رہی۔ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی معاشی ترجیحات پر زور دیا۔ وزیراعظم نے جموں و کشمیر پر ایرانی سپریم لیڈر کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ ایران کا مؤقف کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو آگے بڑھانے کی طاقت کا ذریعہ ہے۔ پاکستان پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان مین دلچسپی رکھتا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 40 سال بعد افغانستان میں تنازع اور جنگ کو ختم کرنے کا موقع ہے۔ افغانستان میں انسانی بحران کو روکنے اور معاشی استحکام کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ استحکام کی کوششوں کو افغان معاشرہ کے تمام طبقات کے حقوق اور ایک جامع سیاسی ڈھانچہ کے احترام سے تقویت ملے گی۔ وزیر اعظم نے مثبت پیغام رسانی اور تعمیری عملی اقدامات کے ذریعہ افغانستان کے ساتھ عالمی برادری کی شمولیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے صدر رئیسی کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ صدر رئیسی نے بھی وزیراعظم عمران خان کو دورہ ایران کی دعوت دی۔
مزیدخبریں