’سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان آئیں گے ‘
01:18 PM, 16 Sep, 2023
ریاض:وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان کے دورے پر آئیں گے۔ لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے بتایا کہ لندن آنے کا بنیادی مقصد دولت مشترکہ کی یوتھ منسٹرز کانفرنس میں شرکت تھا، نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، ان کی تعلیم اور روزگار کے حوالے سے متعدد نئے آئیڈیاز سامنے آئے۔ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے بھی نوجوانوان کی ترقی کے لیے 80 ارب روپے کا فنڈ مقرر کیا گیا ہےہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں 50 ممالک شریک تھے جن میں 40 وزرا شامل تھے، کانفرنس میں ماحولیاتی تبدیلیوں کو خصوصی اہمیت دی گئی، سفارشات پر عملدرآمد کیلئے ٹاسک فورس بنادی گئی ہے۔ بھارت کے ساتھ تعلقات سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے پاکستان کے بھارت سے تعلقات منقطع ہیں۔ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے متعلق سوال پر جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ سعودی عرب کی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان آئیں گے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا نگران حکومت کے اقدامات سے حالات میں بہتری آئی ہے، اسمگلنگ کو آہنی ہاتھوں سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ڈالر گرنا شروع ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم غیر قانونی طور پر رہنے والے افراد کو نکالنے کا فیصلہ مناسب ہے، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ملک چھوڑنے کا وقت دے دیا ہے۔ان کا کہنا تھا الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے اور انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن دے گا۔