ویب ڈیسک :پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کا کہنا ہے کہ سلیمہ امتیاز آئی سی سی کے بین الاقوامی پینل آف ڈویلپمنٹ امپائر کے لیے نامزد ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سلیمہ امتیاز کی پینل میں نامزدگی انہیں خواتین کے دو طرفہ بین الاقوامی میچوں اور آئی سی سی خواتین کے ایونٹس میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دینے کا اہل بناتی ہیں۔
سلیمہ امتیاز پہلی آن فیلڈ امپائرنگ کا آغاز پیر سے ملتان میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ سے کریں گی۔
اس حوالے سے سلیمہ امتیاز کا کہنا ہے کہ یہ صرف ان کی کامیابی نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان میں ہر خاتون کرکٹر اور امپائر کی کامیابی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی کامیابی ان بے شمار خواتین کی حوصلہ افزائی ہے جو کھیل میں اپنی شناخت بنانے کا خواب دیکھتی ہیں۔
ان کے بقول یہ لمحہ کرکٹ میں خواتین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور اس ترقی کو فروغ دینے کے لیے پی سی بی کے عزم کی عکاسی ہے۔
سلیمہ امتیاز کی صاحب زادی کائنات پاکستان کی 40 بین الاقوامی مقابلوں میں نمائندگی کر چکی ہیں جن میں 19 ایک روزہ اور 21 ٹی ٹونٹی میچز شامل ہیں۔
سلیمہ کا خواب
سلیمہ کا کہنا تھا کہ جب سے ان کی بیٹی نے 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ میں ڈبییو کیا تھا تب سے ہی وہ ہمیشہ سے امپائرنگ کے شعبے میں اپنا نام بنانا چاہتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کا خواب تھا کہ وہ اپنے ملک کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کریں۔ انہیں ایشین کرکٹ کونسل کے ساتھ مواقع ملے ہیں۔ لیکن اعلیٰ ترین سطح پر کام کرنا ہمیشہ سے ان کا عزم رہا ہے۔
واضح رہے کہ سلیمہ امتیاز نے 2008 میں پی سی بی کی ویمنز امپائرز پینل میں شمولیت اختیار کی تھی۔
وہ گزشتہ تین برس میں ایشین کرکٹ کونسل کے متعدد ٹورنامنٹس میں امپائرنگ کر چکی ہیں۔