سعودی عرب میں طیاروں کی بائی روڈ منتقلی کا جشن، پاکستانی ڈرائیورز کو خراج تحسین

12:27 PM, 16 Sep, 2024

 ویب ڈیسک : سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ کے تین پرانے طیاروں کی جدہ سے براستہ قصیم ریاض منتقلی کا عمل ایک جشن کی صورت اختیار کر گیا۔ ٹرک کے ذریعے درجنوں ٹائروں والے کنکھجورے جیسے وہیکل کو کھینچنے والے پاکستانی ڈرائیورز کو خراج تحسین، سعودی باشندوں کی جانب سے جگہ جگہ ضیافت کا اہتمام، بچے، بڑے سیلفیاں لیتے رہے۔

کاررواں جس جس علاقے سے گزرا سعودی شہری قومی پرچموں، قہوے اور روایتی رقص کے ساتھ خیرمقدم میں پیش پیش رہے۔

یاد رہے السعودیہ کے تین پرانے طیاروں کو جدہ سے ریاض منتقل کیا جا رہا ہے جہاں انہیں ریاض سیزن بولیورڈ رن وے زون میں رکھا جائے گا۔ پرانے طیاروں میں ریسٹورانٹ اور کافی شاپس وغیرہ بنائی جائیں گی۔

طیاروں کی جدہ سے ریاض منتقلی کےلیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ خصوصی ٹرالرز پر طیاروں کی باڈی کو لادا گیا۔

الاخباریہ کے مطابق ریاض کے قریب پہچنے پر طیاروں کے کاررواں کا استقبال الدحہ بینڈ نے کیا۔

 وڈیو کلپ میں سعودی بینڈ کو روایتی گیت پیش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو جنگوں کے دوران دشمنوں کے دلوں میں دہشت پھیلانے کےلیے پیش کیے جاتے تھے۔

ایک اور وڈیو کلپ میں دکھایا گیا کہ ثادق گورنریٹ میں سعودی شہری قہوہ، کھجور کے ساتھ ریاض سیزن کے طیاروں کا خیرمقدم کررہے ہیں۔

سعودی شہری قہوہ اور کھجوریں پیش کرتے رہے اور قربانی کے جانور لیے کھڑے رہے۔

ایک وڈیو کلپ میں سعودی کو روایتی رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بشت پہنے ہوئے سعودی شہری ہاتھ میں تلوار اٹھائے خوشی کا اظہار کررہا ہے۔

ویل چیئر پر بیٹھے ایک شہری نے روایتی العرضہ رقص پیش کیا جبکہ ایک بچہ سعودی پرچم اٹھائے کھڑا تھا۔

القصب کے علاقے میں بھی سعودی شہریوں نے سعودی پرچموں، قہوے اور روایتی رقص کے ساتھ طیاروں کا خیرمقدم کیا۔

اس سے قبل سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ  نے السعودیہ کے پرانے طیاروں کی جدہ سے ریاض منتقلی کے دوران بنائی جانے والی بہترین تصاویر اور وڈیو کا اعلان کیا تھا۔

بہترین تصاویر اور وڈیوز پر قیمتی کاریں بطور انعام دی جا رہی ہیں۔

مزیدخبریں