ویب ڈیسک: سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل کی جلد سماعت کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے اپیل واپس لینے کے فیصلے کو مسترد کرنے کے خلاف بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں جلد سماعت کی درخواست دائر کی ہے۔
متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی جلد سماعت کی درخواست دی گئی تھی لیکن مقدمہ مقرر نہیں ہوا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بانی پی ٹی آئی کو خلاف قانون ڈی سیٹ کرتے ہوئے ان کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیا تھا۔ لاہور ہائی کورٹ اس فیصلے کے خلاف فل بینچ تشکیل دے چکی ہے، جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے اپیل واپس لینے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ بانی پی ٹی آئی نے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ ان کی اپیل کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرے۔