(ویب ڈیسک )اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔
قبل ازیں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا تھا کہ آج قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی ہو جائیں گے۔
انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ قانون مطلوبہ اکثریت مانگتا ہے اگر حاصل نہیں ہے تو کوئی قیامت نہیں آتی۔
ایک سوال کے جواب میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا تھا کہ آئینی مسودہ کبھی سامنے نہیں آتا، مسودہ پہلے ایوان میں پیش ہوتا ہے، اس وقت نمبر گیم کا مسئلہ ہے، مولانا فضل الرحمٰن بہت ساری چیزوں پر مطمئن تھے۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے مجوزہ آئینی ترامیم کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔
عابد زبیری، شفقت محمود، شہاب سرکی، اشتیاق احمد خان، منیر کاکڑ و دیگر کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں مجوزہ آئینی ترامیم کے خلاف دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان حکومت کی جانب سے مجوزہ آئینی ترامیم کو غیر آئینی قرار دے۔