صدر مملکت،وزیر اعظم  سمیت دیگرسیاسی وسماجی شخصیات کاعید میلاد النبیؐ پرقوم کو پیغام

09:34 AM, 17 Sep, 2024

(ویب ڈیسک ) صدر مملکت آصف علی زرداری اور   وزیر اعظم   شہباز شریف نے قوم کو  عید میلاد النبیؐ کی مبارکباد دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری  نے کہا کہ   پوری قوم کو 12 ربیع الاول کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،اللہ تعالیٰ نے اس مہینے میں ہمیں حضرت محمد خاتم النبین  ﷺ کی ولادت کی صورت میں عظیم نعمت عطا فرمائی،آپ ؐ رہتی دنیا تک انسانیت کے لئے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔

  صدر مملکت نے کہا کہ  یہ دن ہر مسلمان کے دل میں عشق ِرسول ﷺ کی شمع روشن کرتا ہے، اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کی زندگی کو ہمارے لیے بہترین نمونہ قرار دیا،آپؐ کی سیرتِ طیبہ ہمیں ہر شعبۂ زندگی میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  آپ ﷺ نے عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کیا، موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے بحیثیت ِقوم اور امت ِمسلمہ حضور ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔اللہ تعالی پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے، اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم ﷺ کی سیرت ِطیبہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف  کا پیغام : 

وزیر اعظم شہباز شریف نے پیغام میں کہا ہے کہ پوری امت مسلمہ، بالخصوص پاکستانی عوام کو نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم  کی ولادت باسعادت کی نسبت سے عید میلاد النبی بہت بہت مبارک ہو۔ 12 ربیع الاول کا دن وہ مبارک دن ہے جب اللہ تعالی نے روزِ محشر تک بنیِ نوع انسان کی رہنمائی کیلئے پوری انسانیت کو ایک کامل ہدایت کا نور عطا کیا۔

انہوں نے کہا کہ  حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک زندگی، ان کی سیرت طیبہ اور کردار، ہمارے لیے ایک ایسی مشعل راہ ہے جس کی روشنی رہتی دنیا تک ہر انسان کی زندگی کیلئے ہدایت کا ذریعہ رہے گی۔ ان کا ہر عمل اور فرمان اس بات کا مظہر ہے کہ انسانیت کو کس طرح محبت، رواداری اور انصاف کے اصولوں پر قائم رہ کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  آئیں  ہم اس مبارک موقع پر عہد کریں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے اور ان کی روشنی میں اپنے معاشرے کو ایک بہتر، مساوی اور پُرامن جگہ بنائیں گے۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کو امن، ترقی، اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے، اور ہم سب کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری

بلاول بھٹو زرداری نے عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت محمدﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر آئے، آپؐ کی زندگی کا ہر پہلو ہمارے لیے مشعل راہ ہے، پیغمبرِ اسلام کا پیغام ہر زمانے اور مقام سے بالاتر ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ نبی اکرمﷺ کا پیغام تمام نسلوں اور قوموں کے لیے رہنمائی ہے، آپؐ کی تعلیمات کی روشنی میں معاشرے میں امن، برداشت اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف 

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے 12 ربیع الاول،عیدمیلاد النبیؐ کے مبارک دن کی مناسبت سے پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید میلاد النبی ؐپوری امت مسلمہ کیلئے خوشی کا پیغام ہے،میلادالنبی ﷺ کے بابرکت موقع پر پوری امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبیین ﷺ کی ولادت باسعادت تمام جہانوں کیلئے ایک عظیم اور مبارک ترین نعمت ہے۔

مریم نوازشریف  نے کہا کہ اللہ کے نبی کی محبت کا سب سے بڑا تقاضا یہ ہےکہ ہم علاقائی، مسلکی اور سیاسی اختلافات کو مفاہمتی حکمت عملی کی روشنی میں حل کریں۔  انسانیت پیغمبر اسلام کی سیرت سے کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔نبی پاک ؐ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہی اور آخرت میں نجات کی ضمانت ہے۔آج کا دن ہمیں نبی پاک کی تعلیمات کلی طور پر اپنانے کا پیغام بھی دیتا ہے۔

 اسپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے اُمت مسلمہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ نبی آخر الزمان حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت آج کے مقدس دن میں ہوئی،آج کا دن دنیا کی تاریخ کا سب سے عظیم اور مقدس دن ہے،آج کے دن اللہ تعالیٰ نے کائنات کی عظیم ترین ہستی خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کو دنیا میں مبعوث فرمایا،نبی کریم ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری پوری کائنات کیلئے باعث رحمت و باعث سعادت ہے۔

اسپیکر نے آج کے با برکت دن میں قوم کو اللہ تعالیٰ سے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں مانگنے کی اپیل کی ہے۔

اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان 

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نےعید میلادالنبیؐ کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ  حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت انسانیت کے لیے رحمت کا وعدہ ہےہمارے نبی ﷺ نے غلامی کا خاتمہ کیا اور معاشرے میں انصاف قائم کیا۔ حضرت محمد ﷺ نے ہی دنیا میں سب سے پہلے خواتین اور اقلیتوں کو حقوق دیئے۔

اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ  نبی پاکﷺ کی زندگی تمام عالم کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہے۔ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اپنی زندگیوں کو نبی آخرالزماں ﷺ کی تعلیمات کے مطابق بسر کریں گے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی کوتاہیوں کو معاف فرمائے اور ہمیں محسنِ انسانیت حضور اقدسؐ  کی شفاعت نصیب فرمائے۔

نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف :

نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ آپؐ کے پیغام رسالت کو سمجھنا، سیرت طیبہ کو اپنانا ہی اصل میلاد ہے۔

عید میلاد النبیﷺ کے ولادت باسعادت کے موقع پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس مبارک ماہ اور دن پر آپؐ کے پیغام رسالت کو سمجھنا اور سیرت طیبہ کو اپنانا ہی میلاد النبیﷺ اور آپؐ سے اصل محبت ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حالات کا تقاضا یہی ہے کہ ہم پورے کے پورے اسلام میں داخل ہو جائیں اور رسول رحمتؐ کی تعلیمات پر عمل کریں، آپؐ سے حقیقی محبت کا تقاضا ہے کہ آپﷺ کی سیرت طیّبہ کو زندگی کا رہبر بنائیں اور سیرت کو اپنایا جائے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور 

عیدمیلادالنبی ؐ کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پوری امت مسلمہ بالخصوص اہل پاکستان کو عید میلادالنبیﷺ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپﷺ کی ولادت انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ ﷺ کا اسوہ حسنہ تمام انسانوں کے لئے مشعل راہ ہے، آپ ﷺانسانیت کے نجات دہندہ اورحقیقی محسن ہیں۔

فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے امت مسلمہ  کو عید میلادالنبیﷺ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے، سیرت نبوی ﷺ بنی نوع انسان کیلئے مشعلِ راہ ہے۔

بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 12 ربیع الاول کی تمام امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، حضور ﷺ کی سیرت ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے، عید میلاد النبی ﷺ پر امن و محبت کا پیغام عام کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ترقی و خوشحالی ممکن ہے، حضرت محمد ﷺ اللہ کے آخری نبی ہیں، ان کے بعد تاقیامت کوئی نبی نہیں آئیگا۔ 

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری 

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے امت مسلمہ کو 12 ربیع الاول کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریمﷺ کی ولادت باسعادت تمام جہانوں کیلئے ایک عظیم ترین دن ہے، نبی پاکﷺ کی تشریف آوری انسانیت کے دکھوں کے مداوے کی نوید ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آپﷺ نے انسانوں کو غلامی سے نجات دلائی، مدتوں سے انسانیت آپﷺ کی جلوہ گری کی منتظر تھی، ہماری خوش قسمتی کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں حضورﷺ کا امتی بنایا، نبی کریمﷺ کے پیغام کو امت مسلمہ اپنا مشعل راہ بنائیں۔

کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ نبی کریمﷺ کی زندگی ہمدردی، رواداری اور محبت کی تابندہ مثال ہے، آپﷺ کا کردار اور اعمال ہمارے لئے بہترین نمونہ ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں رسول اللہﷺ کی تعلیمات اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزیدخبریں