”فواد چودھری میرے خلاف مقدمے کے مدعی خود بنیں “

08:18 AM, 17 Apr, 2021

حسان عبداللہ

لاہور(پبلک نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے حکومتی اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری میرے خلاف مقدمہ درج کرائیں اور مدعی خود بنیں۔

یاد رہے کہ حکومت نے مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثناء اللہ کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔ حکومتی فیصلے کے بعد اپنے ردعمل میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فواد چودھری اپنے لیڈرکے بیانات کا بھی جائزہ لیں، وہ پولیس افسران کا نام لے کر کہتے رہے ہیں کہ انہیں پھانسی دیں گے، اپوزیشن کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کرانا حکومت کا مقصد ہے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ فواد چودھری شروعات کریں، انہیں شواہد کے ساتھ عدالتوں میں لے کر جائیں گے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رانا ثناء اللہ کے بیان پر انکے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہو گا، کسی شخص کو اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ سرکاری افسران اور ان کے بیوی بچوں کو دھمکیاں دے۔.وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا یہ لوگ کبھی کبھی بانی ایم کیوایم بننے کی کوشش کرتے ہیں، اگر سرکاری زمین پر قبضہ اور افسران کو دھمکیاں دی گئیں توکارروائی ہو گی، رانا ثنااللہ نےگزشتہ روزچیف سیکریٹری پنجاب، کمشنر اور دیگرافسران کو دھمکیاں دیں، رانا ثنااللہ کے خلاف کارروائی کے لیے احکامات دیے جا رہے ہیں، رانا ثنااللہ کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی۔

مزیدخبریں