کراچی (پبلک نیوز) سندھ میں گندم کی تقسیم میں مبینہ بدعنوانی کا معاملہ، کمیشنڈ افسران کی جگہ رینکرز افسران تعینات کرنے کے خلاف درخواست، سندھ ہائی کورٹ نے گندم کی شفاف تقسیم سے متعلق بڑا حکم نامہ جاری کر دیا۔
چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک کو نااہل کی جگہ اہل افسران تعینات کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک گندم کی تقسیم کے عمل کی خود نگرانی کریں۔ کرپشن، بد عنوانی کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
عدالتی حکم نامہ کے مطابق اگر کوئی افسر بدعنوانی میں پایا جائے تو سخت کارروائی کریں۔ گندم کی تقسیم کے عمل کو بہر صورت شفاف بنایا جائے۔ گندم کی تقسیم کے عمل کی تقسیم کے لیے کمیشنڈ افسران تعینات تھے۔ کمیشنڈ کی جگہ اچانک رینکرز افسران تعینات کیے جا رہے ہیں۔
کہا گیا ہے کہ تقریری تبادلوں کا مقصد گندم کی تقسیم میں بدعنوانی کرنا ہے۔ درخواست گزاروں کے تبادلے بھی کرپشن، بد عنوانی کے لیے کیے گئے۔ مذکورہ درخواست بنیادی انسانی حقوق کے دائرہ کار میں نہیں آتی۔ درخواست گزاران سندھ سروس ٹربیونل سے رجوع کرسکتے ہیں۔
عدالت نے محکمہ خوراک میں تقریری، تبادلے سے متعلق درخواست مسترد کر دی۔ عدالت کا فیصلے کی نقول چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک کو ارسال کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک کو عدالتی فیصلے پر عمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔