پاکستان کی افغانستان کی سرزمین سے دہشتگرد کارروائیوں کی شدید مذمت

10:58 AM, 17 Apr, 2022

احمد علی

پاکستان نے افغانستان کی سرزمین سے ملک میں دہشت گرد کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

پاک افغان سرحد پر حالیہ واقعات کے حوالے سے صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کے اندر کارروائیاں جاری رکھنے کےلئے دہشت گرد افغان سرزمین کا کھلم کھلا استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پاک افغان سرحد پر امن و استحکام قائم رکھنے کے حوالے سے ہماری کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان گزشتہ کئی ماہ سے ادارہ جاتی ذرائع سے اپنی طویل مشترکہ سرحد پر موثر رابطے اور سکیورٹی کےلئے کوششیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے سرحدی علاقے میں تحریک طالبان پاکستان سمیت کالعدم دہشت گرد گروہوں سے وابستہ عناصر نے پاکستان کی سرحد پر سکیورٹی چوکیوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں کئی پاکستانی فوجی شہید ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی خود مختار حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ دونوں برادر ملکوں کے امن اور خوشحالی کےلئے پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں ملوث افراد کےخلاف سخت کارروائی کرے۔

مزیدخبریں