ٹائپ ٹو ذیابیطس سے بچنے کی تدابیر
11:43 AM, 17 Apr, 2022
ہارورڈ: ایک سروے کے مطابق ضرورت سے زائد گوشت کھانا بھی ذیابیطس کو دعوت دینا ہے تاہم اگر سبزیوں کا اپنی غذا میں مناسب استعمال کیا جائے تو ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرے کوکم کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سبزیوں ، پھلوں، پھلی دار میووں، سبز چائے اور دالوں کو روزمرہ کھانوں میں ان کا جائزہ مقام دینا بہت ضروری ہے۔اسی طرح فاسٹ فوڈ ، مشروبات اور مرغن غذاؤں سے اجتناب کرنا چاہیئے۔ فرینک ہو ہارورڈ ٹی ایچ چین اسکول کے پروفیسر اور ان کے ساتھیوں نے اس سے متعلق ایک طویل اور دلچسپ تحقیق کی ہے جس کی تفصیلات ڈائبیتولوجیا میں8 اپریل کو شائع ہوئی ہیں۔ اس حوالےسے امریکا سے تعلق رکھنے والے تین بڑے ڈیٹا بیس سے استفادہ کیا گیا تھا ۔ اس ضمن میں 10600 افراد شامل تھے جن کی نسل سفید فام اور اوسط عمر 54 برس تھی۔ تمام شرکا کا باڈی ماس انڈیکس 25 اعشاریہ 6 تھا۔جس سے پتہ چلا کہ گوشت خور افراد ٹائپ ٹو ذیابیطس کے زیادہ شکار ہوتے ہیں جبکہ سبزیاں کھانے والے اس سے محفوظ رہتے ہیں۔ تاہم اس تحقیق میں ورزش کرنے یا نہ کرنے، خاندانی پس منظر، تمباکو نوشی اور منشیات سمیت دیگر کئی معاون کیفیات کو بھی مدِ نظر رکھا گیا تھا۔ یہ سروے ایک سوالنامے پر مبنی تھا جسے ایک طویل عرصے تک جاری رکھا گیا۔ جن لوگوں نے سبزیوں، دالوں اور پھلوں وغیرہ کا زیادہ استعمال کیا ان میں ذیابیطس کی شرح اور خطرات کم نظر آئے، اگرچہ اس ضمن میں مزید تحقیق درکار ہے لیکن اس سروے کی شماریاتی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔