جتنا مرضی زور لگا لیں پنجاب میں الیکشن 14 مئی کو نہیں ہوں گے ، رانا ثنا اللہ
11:23 AM, 17 Apr, 2023
فیصل آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں الیکشن 14 مئی کو نہیں ہوں گے، جتنا مرضی زور لگالیں الیکشنز اسی سال مدت پوری ہونے پر ہی ہوں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ رہنے والوں کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ، ہر بار مجھ پر حلقے کے عوام نے پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا،پاکستان میں جمہوریت اتنی مضبوط نہیں ہے کہ اپوزیشن کے حلقے میں کام ہوں ، اپنے حلقے کے تمام مسائل حل کیے، اپنے حلقے میں نئے سکول ، کالجز اور ہسپتال بنائے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ملک آگے بڑھ رہا تھا 4 سال میں برباد کر دیا ہے ، سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ خود کشی کر لوں گا لیکن آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا ، انڈیا ایٹمی طاقت بنا تو اس نے دھمکیاں دینا شروع کر دیں تھیں ، سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عالمی دباؤ کے باوجود انڈیا کے 5 کے مقابلے 6 دھماکے کیے تھے ، بھارت ہمیں کھا چکا ہوتا اگر ہم ایٹمی طاقت نہ ہوتے تو ، عالمی پابندیوں کے بعد بھی نواز شریف نے ملک کو مسائل سے نکالا تھا ۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ ہمیں کمزور کرنے کے لئے 2018 میں حلقے کو تقسیم کر دیا گیا تھا ، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے ، جب ہماری حکومت ختم ہوئی تھی تو آٹا 35 روپے تھا، 2018 میں حکومت چھوڑی تو پٹرول 65 روپے فی لٹر تھا ، نواز شریف کی قیادت میں لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی پر قابو پایا گیا ، فتنے کو ایک سازش کے تحت مسلط کیا گیا ہے ، ایک اوباش ٹولہ فتنے خان کے ساتھ تھا ۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ 2013 میں 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی ، سال 2013 میں دہشت گردی عروج پر تھی، ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا ہے، عنقریب ہی پستی کی طرف سفر رک جائے گا ، آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو چکا ہے جلد ہی خوشحالی آجائے گی ، عمرانی ٹولہ نئی نسل کو گمراہ کر رہا ہے، کہتا تھا کہ 1 کروڑ نوکریاں دیں گے ، بتاؤ کہاں ہیں وہ نوکریاں ؟ رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ50 لاکھ گھر جو انہوں نے بنانے تھے، اسٹیبلشمنٹ بھی کانوں کو ہاتھ لگا چکی ہے ، الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی سابق وزیر اعظم نواز شریف پاکستان واپس آجائیں گے ۔