پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی اور شہروز کاشف نے نئی تاریخ رقم کردی
05:37 PM, 17 Apr, 2023
شہروز کاشف دنیا کی 11 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر کوہ پیما بن گئے اور جب کہ پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی اناپورنا کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی بن گئیں. تفصیلات کے مطابق نائلہ کیانی نے نیپال کی 8 ہزار 91 میٹر دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی اناپورنا سر کرکے تاریخ رقم کر دی ہے ۔ اس خبر کی تصدیق نائلہ کیانی کے انسٹاگرام سے کی گئی ۔ انہوں نے یہ کارنامہ پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف کے ساتھ آج صبح ساڑھے 6 سے 7 بجے کے درمیان سرانجام دیا اور نیپال انا پورنا چوٹی سر کی ۔ خیال رہے کہ نائلہ 8 ہزار میٹر سے بلند 4 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں ، وہ اس سے قبل گیشربرم ون ، کے ٹو اور گیشربرم ٹو بھی سر کرچکی ہیں ۔ نائلہ اپنے نیپال کے دورے کے دوران دنیا کا بلند ترین پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ بھی سر کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف بھی ماؤنٹ اناپورنا سر کرنے والے پاکستان کے پہلے پاکستانی نوجوان ہیں۔21 سالہ شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند 11 چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے کم عمر کوہ پیما بن گئے ہیں۔ شہروز کو 8 ہزار 849 میٹر بلند دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ اور 8 ہزار 611 میٹر بلند کے ٹو سر کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، اس کے علاوہ وہ مناسلو، لوٹسے، براڈ چوٹی، مکالو، نانگا پربت، گیشربرم ون اور گیشربرم ٹو بھی سرکرچکے ہیں ۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے پہلی مرتبہ 11 سال کی عمر میں چوٹی سر کی تھی جب کہ انہوں نے 3 ہزار 885 میٹر بلند مکڑا چوٹی سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا ۔