’جامع سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے ‘
07:02 PM, 17 Aug, 2021
اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان کا جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ٹیلی فونک رابطہ، دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور خطے کے لیے پرامن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ تمام افغانیوں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ حفاظت بھی بہت اہم ہے۔ ایک جامع سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے۔ پاکستان تمام افغان رہنماؤں سے رابطہ کر رہا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو بھی افغانستان میں معاشی مشکلات کا ادراک ہے۔ پاکستان افغانستان سے سفارتی عملے اور بین الاقوامی اداروں کے عملے کے انخلا میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان اعلیٰ سطح تبادلہ خیال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جرمن چانسلر نے کہا کہ پاکستان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں جرمنی کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کے منتظر ہے۔ عمران خان اور جرمن چانلسر نے قریبی رابطوں میں رہنے پر اتفاق کیا۔