عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر شہباز گل کو پولیس کے حوالے کر دیا
10:08 AM, 17 Aug, 2022
اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی فوجداری نگرانی اپیل پر محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا گیا، ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے پولیس کی فوجداری نگرانی اپیل منظور کر لی. جج نے حکم دیا ہے کہ شہباز گل کو مزید 48 گھنٹے کے لیے پولیس کے حوالہ کیا جاتا ہے. اس سے قبل ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا. شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے کے خلاف نظرثانی درخواست کی کیس کی سماعت ہوئی، پراسیکیوٹر اور شہباز گل کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کیے۔ ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے فیصلہ آج دوپہر تین بجے سنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج کو جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی درخواست دوبارہ سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ یاد رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے پولیس کی جانب سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی کو اپنے شو میں سابق وزیرِا عظم عمران خان کے ترجمان شہباز گل کا تبصرہ نشر کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ان کا بیان مسلح افواج کی صفوں میں بغاوت کے جذبات اکسانے کے مترادف تھا۔ ڈاکٹر شہباز گل نے الزام عائد کیا تھا کہ حکومت، فوج کے نچلے اور درمیانے درجے کے لوگوں کو تحریک انصاف کے خلاف اکسانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج میں ان عہدوں پر تعینات اہلکاروں کے اہل خانہ عمران خان اور ان کی پارٹی کی حمایت کرتے ہیں جس سے حکومت کا غصہ بڑھتا ہے۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کا اسٹریٹجک میڈیا سیل پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور مسلح افواج کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کے لیے غلط معلومات اور جعلی خبریں پھیلا رہا ہے۔