عمران خان کا ایف آئی اے کے نوٹس کا جواب دینے سے انکار

11:12 AM, 17 Aug, 2022

احمد علی
فارن فنڈنگ کیس میں تحقیقات، عمران خان نے ایف آئی اے کے نوٹس کا جواب دینے سے انکار کر دیا. عمران خان کا اپنے تحریری جواب میں کہنا تھا کہ آپ کو جوابدہ ہوں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند، دو دن میں نوٹس واپس نہ لیا تو قانون کے تحت آپ کے خلاف کارروائی کروں گا. عمران خان اور پی ٹی آئی کی طرف سے سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان نے ایف آئی اے کو جواب بھجوایا گیا ہے، تحریری جواب ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل ، اسلام آباد کی ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ بیگ کو بھجوایاگیا . عمران خان نے نوٹس بھجوانے کو ایف آئی اے کی بدنیتی قرار دے دیا. عمران خان نے نوٹس کے جواب میں کہا کہ پی ٹی آئی سے تفصیلات اور دستاویزات طلب کرنا ایف آئی اے کے زیراثر ہونے کا مظہرہے، الیکشن کمشن نے فیصلہ نہیں دیا بلکہ رپورٹ جاری کی، الیکشن کمشن ایف آئی اے یا کسی اور ادارے کو اس رپورٹ کی بنیاد پر حکم جاری نہیں کرسکتا، ایف آئی اے کے پاس پولیٹیکل پارٹیز آرڈر2002 کے تحت کارروائی کرنے کا اختیار نہیں. جواب میں مزید کہا گیا کہ جاری کیاگیا نوٹس ایف آئی اے ایکٹ سے بھی متصادم ہے، سپریم کورٹ متعدد فیصلوں میں الیکشن کمشن کو انتظامی ادارہ قرار دے چکی ہے، الیکشن کمشن عدالت ہے نہ ہی ٹریبونل. واضح رہے کہ ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل نے عمران خان سے بینک اکاﺅنٹس سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں.
مزیدخبریں