حکومت کا شہباز گل کی حوالگی کیلئے اڈیالہ جیل رینجرز بھیجنے کا فیصلہ
04:24 PM, 17 Aug, 2022
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اڈیالہ جیل شہباز گل کی حوالگی کے لیے رینجرز بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق شہباز گل کی حوالگی کے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کیلئے حکومت نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے ایف سی اور رینجرز کی مدد طلب کر لی ہے، ایف سی اور رینجرز کی گاڑیاں اڈیالہ جیل روانہ ہوگئیں ۔ اڈیالہ جیل کے باہر اسلام آباد پولیس اور راولپنڈی پولیس کے بڑی تعداد میں اہلکار موجود ہیں ، اسلام آباد پولیس شہباز گل کو جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد لے جانے پر بضد ہےجبکہ راولپنڈی پولیس انہیں راولپنڈی ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کرنا چاہتی ہے۔ اسلام آباد پولیس نے جیل انتظامیہ کو تنبیہ کی ہے کہ ملزم کو راولپنڈی ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل نہیں کیا جاسکتا۔راولپنڈی پولیس کے افسران نے اڈیالہ جیل کے مین گیٹ پر راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل کو سانس لینے میں دشواری ہے اور آکسیجن لیول بھی کم ہے۔جیل انتظامیہ کا موقف ہے کہ بیماری میں جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کو حوالے نہیں کیا جاسکتا ۔ اسلام آباد پولیس کا موقف ہے کہ ملزم کا چیک اپ پمزہسپتال کی میڈیکل ٹیم کو کرنے دیا جائے جس پر جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جیل ہسپتال کے ڈاکٹرز موجود ہیں اس کے علاوہ میڈیکل ٹیم کس حیثیت میں ملزم کا چیک اپ کرے گی ۔ دوسری جانب شہباز گل کی اڈیالہ جیل سے ممکنہ ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کرنے کے باعث اسپتال میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے، پولیس کی بھاری نفری ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئی ۔