جسٹس (ر) مقبول باقر نے نگران وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھالیا
09:31 PM, 17 Aug, 2023
کراچی : جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے سندھ کے آٹھویں نگران وزیر اعلی کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر سندھ کامران ٹسوری نے نگران وزیر اعلی سے حلف لیا۔ گورنر ہاؤس کے سبزہ زار پر منعقدہ پر وقار تقریب حلف برداری میں سابق وزیر اعلی مراد علی شاہ، سابق سندھ کابینہ کے ارکان، سفارت کاروں، جج صاحبان، افسر شاہی اور سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔ چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت نے تقریب کی کارروائی چلائی اور تلاوت کلام پاک سے تقریب حلف برداری کا آغاز ہوا، بعد ازاں گورنر سندھ کامران ٹسوری نے نگران وزیر اعلی جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور دیگر جماعتوں کے سیاسی رہنمائوں نے شرکت کی، شہر کے معروف بزنس مین اور سماجی شخصیات بھی تقریب میں شریک تھیں۔ بعد ازاں سابق وزیر اعلی مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور تقریب میں شریک شخصیات نے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کو نگران وزیر اعلی بننے پر مبارک باد پیش کی۔