مون سون بارشوں کا تگڑاسپیل،جل تھل ایک،نشیبی علاقے زیرآب

10:59 AM, 17 Aug, 2024

ویب ڈیسک: لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا جبکہ متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق رات گئے لاہور کے علاقوں گلبرگ، ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، جوہر ٹاؤن، اقبال ٹاؤن اور گردونواح میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ شہر میں سب سے زیادہ 22 ملی میٹر بارش تاج پورہ میں ریکارڈ کی گئی، ایم سی ایل، واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کو الرٹ جاری کردیا گیا۔

لاہور میں موسلا دھار بارش کے بعد متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پنجاب
دوسری جانب پنجاب کے شہر گوجرانوالہ، جھنگ، گوجرہ، سانگلہ ہل اور ننکانہ صاحب میں بھی تیز بارش ہوئی جبکہ فیروز والا، مریدکے، احمد پور شرقیہ اور اوچ شریف میں بھی جل تھل ایک ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث زیریں سندھ، اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخو پورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات اورکشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

آج اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ملتان، وہاڑی، لودھراں، مظفر گڑھ، تونسہ، ڈی جی خان، راجن پور، رحیم یار خان، خانپور، بہاولپور، کوٹ ادو، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، قصور، اوکاڑہ، لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، بھکر، خوشاب، نور پور تھل، ساہیوال، پاکپتن اور بہاولنگر میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ جنوبی اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔

 فیصل آباد: چھت گرنے سے 3 مزدور جاں بحق

فیصل آباد میں کمر ے کی چھت گرنے سے 3 مزدور جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی مزدور کو ابتدائی طبی امداد کے بعد الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ جاں بحق مزدوروں کی لاشیں تھانہ فیڈ مک پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

خیبرپختونخوا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، بالاکوٹ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، مردان، پشاور، کرک، کوہاٹ، بنوں، مالاکنڈ، وزیرستان،کرم، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

سندھ

محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، گھوٹکی، شکارپور، کشمور، خیرپور، نوشہرو فیروز، دادو، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، جیکب آباد، کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، تھر پارکر، مٹھی، میرپور خاص، عمر کوٹ اور سانگھڑمیں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔

آج کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

بلوچستان
علاوہ ازیں بلوچستان کے متعدد اضلاع میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، خضدار، لورالائی، سبی، ژوب اور مسلم باغ میں موسلا دھار بارش نے رنگ جما دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت، بارکھان، کوہلو، نصیر آباد، جھل مگسی اور جعفرآباد میں بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔کوہلو، بولان، ہرنائی، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفرآباد، خضدار، لسبیلہ، قلات، آواران، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، کوئٹہ، زیارت، شیرانی، قلعہ عبد اللہ، قلعہ سیف اللہ، مستونگ، سبی اورشیرانی میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 2 سے 3 روز تک جاری رہ سکتا ہے، متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔ 

مزیدخبریں