ویب ڈیسک: بھارت کی انتہا پسند حکومت علاقائی امن کے لیے مستقل خطرہ بن گئی ہے، اسی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے مودی سرکار کی آبی دہشت گردی بھی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق مودی حکومت کبھی آزاد کشمیر میں دراندازی کررہی ہے تو کبھی دہشت گردوں کی پشت پناہی میں سرگرم نظر آتی ہے۔ حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے بعد پاکستان کو اب بھارت کی جانب سے آبی دہشت گردی کا سامنا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق بھارت نے بغیر پیشگی خبردار کیے دریائے راوی اور دریائے چناب کے اسپل اوور کھول دیے، جس کی وجہ سے پاکستان میں ہزاروں دیہات اور لاکھوں ایکڑ رقبہ زیرِ آب آ چکا ہے۔ بھارت کے بغیر وارننگ جاری کیے اچانک پانی چھوڑ دینے کی وجہ سے پاکستان میں ہنگامی صورتِ حال پیدا ہوئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب پر قادر آباد بیراج پر پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے اور پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک سے بڑھ کر 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہونے کا امکان ہے۔
دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کے مقام پر 40 سے 55 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ متوقع ہے جب کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے نچلی سطح پر سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
بھارت اپنی جارحانہ پالیسیوں اور آبی دہشت گردی کے ذریعے خطے کاامن تباہ کرنا چاہتاہے ۔ آخر کب تک مودی حکومت خطے میں دہشت گردی کو فروغ دیتی رہے گی؟