سید نور نے ریشم کے الزامات پر ردعمل دے دیا

01:16 PM, 17 Aug, 2024

 ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف ہدایت کار سید نور نے ساتھی اداکارہ ریشم کے الزامات پر خاموشی توڑ دی۔

حال ہی میں سید نور نے یوٹیوبر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا اداکارہ ریشم کو انڈسٹری میں، میں نے متعارف کروایا لیکن وہ مجھے اپنا استاد نہیں مانتی بلکہ دوسروں کے نام لیتی ہے، جن کے ساتھ انہوں نے کام بھی نہیں کیا۔

ہدایت کار نے کہا کہ مجھے ریشم سے کوئی شکوہ نہیں ہے بلکہ اس پر فخر ہے، مجھے خوشی ہے کہ میں نے ریشم کو انڈسٹری میں متعارف کروایا، اسے گروم کیا، ان کی شخصیت کو نکھارنے میں محنت کی لیکن وہ اسے تسلیم نہیں کر رہی ہیں، کیوں نہیں کر رہی یہ نہیں معلوم مگر وہ میری ہی پروڈکٹ ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریشم آج کل کام کیوں نہیں کر رہی یہ مجھے معلوم نہیں یا کوئی ان سے کام کیوں نہیں کروا رہا اس کا علم نہیں ہے لیکن میرے پاس اس وقت کوئی ایسا کردار نہیں ہے جس کے لیے وہ موضوع ہوں۔ اگر میرے پاس ایسا کوئی کردار ہوگا تو میں انہیں ضرور کاسٹ کروں گا۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل اداکارہ ریشم نے ہدایت کار سید نور پر الزام عائد کیا تھا کہ ہدایت کار نے ان کے کیرئیر کو نقصان پہنچایا ہے۔

مزیدخبریں