میٹا کا جلد اے آئی وائس کسٹمائزیشن متعارف کروانے کا امکان

02:35 PM, 17 Aug, 2024

 ویب ڈیسک: اگر آپ کسی کو واٹس ایپ پر وائس نوٹ صرف اس لیے نہیں بھیجتے کیونکہ آپ کو اپنی آواز پسند نہیں یا پھر آپ یہ نہیں چاہتے کہ پیغام موصول کرنے والا آپ کی آواز سن سکے تو میٹا آپ کی مشکل حل کرنے جا رہا ہے۔

واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق میٹا کی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ جلد مصنوعی ذہانت کی مدد سے نیا فیچر متعارف کروانے جا رہا ہے جس سے آپ اپنی آواز تبدیل کر سکتے ہیں۔

صارفین جلد ہی میٹا اے آئی کی مدد سے یہ منتخب کر سکیں گے کہ پیغام موصول کرنے والے کو ان کی آواز کس طرح سنائی دے، اس کے لیے میٹا کی نئی ایپلیکیشن 10 مختلف آپشنز میں سے من پسند آواز کا انتخاب کرنے کی اجازت دے گی۔

صارفین ان آپشنز میں سے اپنی ضروریات کے مطابق بہترین انتخاب کر سکتے ہیں، صرف یہی نہیں بلکہ اس فیچر کے تحت صارفین کسی بھی وائس نوٹ یا آڈیو کو اے آئی وائس چیٹ میں بھیج کر اس کا ٹیکسٹ یا تحریر بھی حاصل کر سکیں گے۔

مذکورہ فیچر کی واٹس ایپ پر آزمائش شروع کر دی گئی لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اسے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔

واٹس ایپ سمیت کمپنی کے دوسرے پلیٹ فارمز جیسا کہ انسٹا گرام اور فیس بک پر رواں برس ہی اے آئی چیٹ بوٹ متعارف کرائے گئے تھے اور تمام پلیٹ فارمز پر مزید اے آئی ٹولز بھی پیش کیے جانے پر کام جاری ہے، ممکنہ طور پر میٹا کے دیگر پلیٹ فارمز یعنی فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی پیش کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

مزیدخبریں