ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں سازش کے سرغنہ عمران خان اور سہولت کار فیض حمید تھے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی، محمد نواز شریف نے ملک میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا، جنوبی ایشیاء کی پہلی موٹر وے نواز شریف نے تعمیر کروائی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک میں موٹر ویز کا جال بچھایا، محمد نواز شریف نے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کیں، پنجاب حکومت نے بجلی صارفین کو سہولیات فراہم کر کے احسن اقدام اٹھایا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں صارفین کو بجلی کی مد میں بڑا ریلیف دیا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے، وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کیلئے پچاس ارب روپے مختص کئے ہیں، پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ ایک سیاسی لیڈر نے ملک میں انتشار اور تقسیم کی سیاست کو پروان چڑھایا، انہوں نے ملک میں بدامنی پھیلانے اور ملکی سالمیت کے خلاف سازشیں کیں، جنرل ریٹائرڈ فیض حمید ان کی سازش میں شامل تھے،دہشتگردوں کو واپس کون لے کر آیا،کیا وہ بھی گٹھ جوڑ نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان کو واپس لا کر بسایا گیا،یہ بھی گٹھ جوڑ ہے، بانی پی ٹی آئی نے ملک کے امن کو خراب کیا،انتشار پھیلایا، بانی پی ٹی آئی کا رابطہ بحال تھا،گٹھ جوڑ کے نتیجے میں جوڑ توڑ کی سیاست کی گئی،ہم ادارے کے اس قدم کو سراہتے ہیں، جو ملک کے خلاف سازشیں کرنا چاہے گا اس کا انجام یہی ہوگا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ 200یونٹ والے صارفین کو وزیراعظم پہلے ہی 50ارب روپے کی سبسڈی دے چکے ہیں،نوازشریف نے ٹھیک فرمایا مہنگائی اس دور میں ہوئی جب بزدارگوگی سیٹ اپ تھا،بانی پی ٹی آئی اور ان کے حواریوں نے قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کیا،کھوسہ صاحب کی بات متعصبانہ سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ آپ کو پتہ ہونا چاہیے تعصب کیسا ہوتا ہے، مہنگائی اس دور میں ہوئی جب 190ملین پاؤنڈ کا کیس ہوا، سازش کے سرغنہ بانی پی ٹی آئی اورسہولت کار فیض حمید تھے، ثاقب نثار ہوں یا کوئی بھی ہو، معاملہ آگے بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج میں خود احتسابی کا اپنا میکنزم ہے، فوج کے ادارے نے خود احتسابی کا عمل شروع کیا یہ سٹارٹنگ پوائنٹ ہے، ہم فوج کے خود احتسابی عمل کو خوش آئند سمجھتے ہیں، باقی اداروں کو بھی خود احتسابی کا عمل شروع کرنا چاہیے۔
عطاتارڑ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بھی ارشد ندیم کی حوصلہ افزائی کیلئے کوئی اعلان کریں، خیبرپختونخوا میں ہماری شراکت داری سے سی ٹی ڈی قائم ہورہی ہے، خیبرپختونخوا حکومت کھیلوں کے شعبے میں اپنا کردار ادا کرے، ارشد ندیم ہمارا قومی فخر ہے، جو پروٹوکول ارشد ندیم کو دیا گیا وہ وی وی آئی پیز کو بھی نہیں دیا جاتا، خیبرپختونخوا کی حکومت کو بھی ارشد ندیم کیلئے اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔