حکومت نے موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا
05:57 PM, 17 Dec, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) حکومت نے اسلام آباد میں موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے باعث ہفتہ اور پیر کو مقامی چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ او آئی سی کے 57 ممالک کے وفود اور وزرائے خارجہ آ رہے ہیں۔ مہمانوں کی سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ شہریوں کو آنے جانے میں مشکلات ہوں گی جس پر پیشگی معذرت چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا ہے کہ ٹیلی فون بند نہیں کر رہے۔ ہفتہ اور پیرکواسلام آباد میں اجلاس کے باعث مقامی چھٹی ہوگی۔ کابینہ ڈویژن اپنے ملازمین کے لیے کسی وقت بھی پیرکی چھٹی کا فیصلہ کرسکتی ہے۔ اپنے مہمانوں کا خاص خیال رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد افغانستان کی صورتحال پر توجہ دلوانا ہے۔ 40 سال پہلے بھی افغان ایشو تھا، آج بھی عمران خان نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ اوآئی سی کے57ممالک کےوفود، وزرائےخارجہ شرکت کیلئے آرہے ہیں۔ لوگوں کو آنے جانے میں مشکلات ہوں گی جس پر پیشگی معذرت چاہتے ہیں۔