پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں کب تحلیل ہوں گی؟ آج اعلان متوقع
11:13 AM, 17 Dec, 2022
پنجاب اورخیبر پختونخوا اسمبلیاں کب تحلیل ہوں گی؟ فیصلہ سنانے کا وقت آگیا، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان آج اسمبلیوں کی تحلیل کا حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی محمود خان اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اعلان کے وقت عمران خان کے ساتھ ہی ہوں گے ، حتمی اعلان سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کا پنجاب میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ آج پنجاب کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں جلسوں کا اہتمام، لاہور میں لبرٹی چوک میں سیاسی پاور شو کیا جائے گا ۔ سابق وزیراعظم عمران خان تمام ڈویژنل اجتماعات سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے دوران ہی اسمبلیوں کی تحلیل کی حتمی تاریخ اور دیگر سیاسی اقدامات کا اعلان کر دیں گے، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے فیصلوں کی توثیق کیلئے خیبر پختونخوا اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ عمران خان کے ساتھ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور محمود احمد خان چیئرمین پی ٹی آئی کے خطاب کے موقع پر انکے دائیں بائیں زمان پارک میں موجود ہوں گے، عمران خان سے آج پارٹی کے سینئر رہنما ملاقات کریں گے، خطاب کے نکات کو حتمی شکل دی جائے گی، لبرٹی چوک میں جلسے کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔ مرکزی اور صوبائی قائد ین لبرٹی چوک میں سٹیج پر موجود ہوں گے، لاہور کے پاور شو میں ننکانہ صاحب ، شیخوپورہ اور قصور کے کارکنان بھی شریک ہوں گے، لبرٹی چوک میں بڑی سیکرین لگا کر عمران خان کا خطاب سنایا جائے گا۔