سپاہی عاطف نذیر شہید کی بہادری کو قوم کاسلام

11:13 AM, 17 Dec, 2024

ویب ڈیسک: شہدائے پاکستان کو سلام، وطن سے محبت میں جان نچھاور کرنا پاک فوج کے سپاہیوں کی پہچان ہے۔ جان قربان کرنے والے عظیم سپوتوں کی قربانیوں نے پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔

دفاع وطن میں جان قربان کرنے والی داستانوں میں سے ایک سپاہی عاطف نذیر شہید کی ہے۔ سپاہی عاطف نذیر شہید نے 18 جنوری 2019 کو شمالی وزیرستان میں آپریشن  المیزان کے دوران دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

سپاہی عاطف نذیر کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔ سپاہی عاطف نذیر شہید نے سوگواران میں والدہ اور بھائی چھوڑے۔

سپاہی عاطف نذیر کے لواحقین نے اپنے احساسات و جذبات کا اظہار کیا۔ 

شہید کی والدہ کا کہنا تھا کہ "بیٹا بہت دلیر تھا، اس کی خواہش تھی کہ وہ شہید ہو"۔ مجھے خبر ملی کہ عاطف بہت زخمی ہے اور بنوں ہسپتال میں ہے،۔ بیٹے کی شہادت کا سن کے مجھے بہت رونا آیا مگر اللہ کا شکر ادا کیا۔ بیٹا بہت فرمانبردار تھا، گھر کے کام میں بھی ہاتھ بٹاتا تھا۔ بہت خوش قسمت ہوں کہ بیٹا راہِ حق میں ملک و قوم کے لیے شہید ہوا۔

شہید کے بھائی نے کہا کہ بھائی کو شہید ہونے کا شوق تھا، آخری بار بھی کال پر شہید ہونے کی دعا کا بولا۔ پاک فوج کے جوانوں کے لیے پیغام ہے کہ دشمن کا قلع قمع کریں جو ملک کو میلی نظر سے دیکھتے ہیں۔

شہید کے چچا کا کہنا تھا کہ بیٹے نے شہید ہو کر پورے خاندان کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ اس کی جدائی کا بہت افسوس ہے مگر اس نے ملک اور قوم کے لیے شہادت نوش کی۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ اس کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے۔ ہمیں ہمارے شہداء پر بہت فخر ہے جو ملک و قوم کے لیے اپنی جان قربان کرتے ہیں۔

سپاہی عاطف نذیر کی شجاعت اور بہادری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔

پاک فوج کے اس بہادر سپوت نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے وطن کی سالمیت کو برقرار رکھا ان کی قربانی ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے۔

مزیدخبریں