(ویب ڈیسک ) برطانیہ میں نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کو پکڑنے کیلئے اے آئی کیمرہ تیار کرلیا۔
برطانیہ کی کاؤنٹی ڈیون اور کارن وال میں پہلی بار اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس کیمرے کا تجربہ کیا گیا ہے۔بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ کیمرہ نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کو پکڑنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ جدید ترین کیمرہ منشیات کے استعمال کے بعد نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیمرے کے ذریعے نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کی نشاندہی کے بعد پولیس اہلکار اس گاڑی کو روک سکتے ہیں اور موقع پر ہی فوری تحقیقات کر سکتے ہیں تاکہ یہ پتہ لگایا جاسکے کہ آیا ڈرائیور نے شراب نوشی کی ہے یا غیر قانونی منشیات کا استعمال کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ کیمرہ پورٹ ایبل ہے اور سڑک پر کہیں بھی لگایا جاسکتا ہے اور یہ بغیر کسی انتباہ کے نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کی نشاندہی کرتا ہے۔
اس اے آئی کیمرے کو تیار کرنے والی کمپنی ایکوسینس کے جی ایم جیوف کولنز کا کہنا ہے کہ ہمیں ڈیون اور کارن وال کاؤنٹی میں اس جدید ٹیکنالوجی کے پہلے ٹرائلز کا انعقاد کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم قیمتی زندگیوں کے تباہ ہونے کی وجہ بننے سے پہلے ہی خرابیوں کا پتہ لگا لیں تو ہم سب مزید محفوظ رہیں گے۔