(ویب ڈیسک ) محمد شکیل خان : پی سی بی نے فرنچائزز کے ساتھ مل کر پاکستان سپر لیگ کے لیے مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کی تجدید کر دی گئی۔ لاہور قلندرز کے تین کھلاڑی پلاٹینم کیٹگری میں شامل ہوگئے۔
پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے لیے87 مقامی کھلاڑیوں کے کیٹگریز کی تجدید کر دی گئی۔13 کھلاڑیوں کو پلاٹینم کیٹگری میں رکھا گیا ہے، لاہور قلندرز کے تین کھلاڑی شاہین آفریدی، حارث رؤف اور فخر زمان پلاٹینم کیٹگری میں شامل ہیں ۔
حسن علی (کراچی کنگز) محمد عامر (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز) صائم ایوب (پشاور زلمی) اور اسامہ میر (ملتان سلطانز) کو ڈائمنڈ کیٹیگری سے پلاٹینم کیٹگری میں ترقی دے دی گئی۔
عماد وسیم، نسیم شاہ، شاداب خان (اسلام آباد یونائیٹڈ) افتخار احمد، محمد رضوان (ملتان سلطانز) اور پشاور زلمی کے بابر اعظم کو پلاٹینم کیٹگری میں برقرار رکھا گیا ہے۔
ڈائمنڈ کیٹیگری میں کل 16 کھلاڑی شامل ہیں ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے چار چار، کراچی کنگز کے تین، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے دو دو جبکہ لاہور قلندرز کا ایک کھلاڑی ڈائممڈ کیٹیگری میں شامل ہیں۔
30 کھلاڑی گولڈ کیٹگری کا حصہ ہیں جس میں پشاور زلمی کے سات، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پانچ پانچ کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے چار چار کھلاڑی گولڈ کیٹگری کا حصہ ہوں گے۔
سلور کیٹگری میں 16 جبکہ ایمرجنگ کیٹیگری میں 12 کھلاڑی منتخب کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کے پلیئرز کا ڈرافٹ 11 جنوری کو شیڈول ہے۔