حلیم عادل شیخ کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

10:33 AM, 17 Feb, 2021

شازیہ بشیر

کراچی (پبلک نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے گزشتہ روز گرفتار ہونے والے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور ان کے ساتھیوں کو انسداد دہشت گردی میں پیش کیا گیا، ملزموں میں غلام مصطفیٰ، عبدالحسیب، محمود ، رمضان بھی شامل تھے۔ پولیس نے ملزموں کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل وہاب بلوچ حلیم عادل شیخ کے وکیل کے طور پر پیش ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدمہ بدنیتی کی بنیاد پر بنایا گیا۔

عدالت نے کہا فی الحال 2 روزہ ریمانڈ دے رہے ہیں، تفتیش کے بعد صورتحال دیکھیں گے۔

یاد رہے کہ حلیم عادل شیخ پر ضمنی الیکشن میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے الزامات ہیں، انھیں گزشتہ روز پولیس نے گرفتار کیا تھا حلیم عادل شیخ اور ان کے ساتھیوں پر سرکار کی مدعیت میں مقدمات درج ہیں۔

مقدمے کے مطابق حلیم عادل شیخ کے ساتھ موجود ان کے مسلح ساتھیوں نے فائرنگ کر کے علاقے میں خوف و حراس پھیلایا اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں پر تشدد کیا، پولیس وین کے شیشے بھی توڑے۔۔ چاروں مقدمات تھانہ میمن گوٹھ کے ایس ایچ او خالد عباسی کی مدعیت میں درج کیے گئے۔

مزیدخبریں