عمران خان کی ممکنہ گرفتاری، پولیس نفری زمان پارک کےاطراف تعینات
05:20 AM, 17 Feb, 2023
لاہور : سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے لئے پولیس کی بھاری نفری عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے اطراف میں تعینات ہے جب کہ پولیس کی جانب سے زمان پارک کی طرف آنے والے راستے بھی بند کر دیئےگئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی 3 پریزن وین اور سکواڈ کی گاڑیاں زمان پارک کے قریب گشت کر رہی ہیں جب کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی قیادت سمیت کارکنان کی بڑی تعداد بھی زمان پارک کے باہر موجود ہے اور کارکنان نے کینال روڈ کا راستہ کھول کر ٹریفک بحال کر دی ہے ۔ پی ٹی آئی کارکنان نے کہا کہ قیدیوں کی وین اور پولیس کی بھاری نفری کے زمان پارک کے گرد ہونے سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں ، کارکنان کی جانب سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے حق اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی جا رہی ہے ۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے متعلق کیس میں عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست خارج کردی تھی جس کے بعد سابق وزیر اعظم عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی ۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست بھی عدم پیشی پر خارج کردی تھی جس کے بعد سے انکی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔