فیفا کا ترکیہ، شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے 1 ملین ڈالر امداد کا اعلان
12:21 PM, 17 Feb, 2023
فیفا نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے ایک ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) کی جانب سے اعلان کردہ امدادی رقم زلزلہ متاثرین کے لیے عارضی قیام گاہ کی تعمیر پر خرچ کی جائے گی ، اس کے علاوہ متاثرین کے لیے دیگر ضروری سامان کا بندوبست بھی کیا جائے گا۔ فیفا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امدادی رقم دونوں ملکوں کی فٹبال فیڈریشن اور دیگر اداروں کے اشتراک سے خرچ ہو گی۔ واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں چند روز قبل آنے والے زلزلے سے اب تک 42 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔خوفناک تباہی کے باعث اقوام متحدہ نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے ایک ارب ڈالرامداد کی اپیل کی ہے۔