عمران خان نے بد ھ سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان

02:07 PM, 17 Feb, 2023

احمد علی
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے بدھ سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان نے ویڈیو لنک خطاب میں کہا کہ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ الیکشن کا شیڈول کب آئے گا، 90 دن کے بعد ایک دن بھی نگراں حکومت غیر آئینی ہوگی، اس سے زیادہ خطرناک بات نہیں ہو سکتی کہ عدلیہ آئین پر عمل نہ کرواسکے۔ عمران خان نے کہا کہ خطرناک بات ہے کہ چیف الیکشن کمشنر الیکشن کی تاریخ نہیں دے رہا، 90 دن سے زیادہ الیکشن آگے جاتے ہیں تو اس سے بڑی آئین کی خلاف ورزی نہیں ہو سکتی، پہلے ان کی کوشش ہے کہ الیکشن ہوں ہی نہیں اور اگر ہو تو یہ بالکل آخر میں جا کر تاریخ کا اعلان کریں گے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عدلیہ پر دباو ڈال کر الیکشن آگے لے جانا چاہتی ہے، جس ملک میں قانون کی حکمرانی ختم ہو تو انصاف ختم ہوجاتا ہے، ہم آج وہاں کھڑے ہوکر تماشا دیکھ رہے ہیں، میں پاگل تو نہیں تھا اپنی دو حکومتیں ختم کیں، ہم بار بار کہتے رہے کہ اس حکومت کے پاس مینڈیٹ نہیں یہ ملک نہیں چلا سکتی۔ عمران خان نے جیل بھر و تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بدھ سے جیل بھرو تحریک شروع کر رہے ہیں ۔کارکنان تیاری کریں جیل بھرو تحریک کا آغاز لاہور سے ہوگا۔
مزیدخبریں