اسدقیصرکی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد کی جماعت اسلامی کےوفد سےملاقات،اہم فیصلے

08:45 AM, 17 Feb, 2024

ویب ڈیسک: رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ دھاندلی کے خلاف مختلف جماعتوں سے ملکر کر مشترکہ لائحہ عمل بنائیں گے۔

 تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے وفد نے اسد قیصر کی سربراہی میں جماعت اسلامی کے وفد سے ملاقات کی، ملاقات نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم کی رہائش گاہ پر ہوئی، وفد میں بیرسٹر سیف، شوکت یوسفزئی ودیگر شریک تھے، نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم نے وفد کا خیر مقدم کیا۔

رہنما تحریک انصاف اسد قیصرنے رہنما جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں عوام کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، الیکشن میں دھاندلی کے خلاف دیگر جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں اور مشترکہ لائحہ عمل بنائیں گے۔

رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اب ملک کے فیصلے بند کمروں میں نہیں ہوں گے بلکہ عوام فیصلے کریں گے، الیکشن کے بعد ملک میں عدم استحکام مزید بڑھ گیا ہے، کل پورے ملک میں احتجاج کی کال دی ہوئی ہےعوام سے اپیل ہے احتجاج کیلئے باہر نکلیں۔

رہنما جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں نتائج کو زبردستی تبدیل کیا گیا اور عوامی مینڈیٹ کو چوری کیا گیا،ہم الیکشن نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمیشن کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں، جماعت اسلامی کا کل مرکزی مجلس شوری اور پھر مجلس عاملہ کا اجلاس ہو گا جس میں لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

مزیدخبریں